سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت وآبادی جنوبی پنجاب نے مبینہ غلط انجکشن لگنے سے بچی کی موت کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

پیر 30 جون 2025 14:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت وآبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے دیہی مرکز صحت رنگ پور میں مبینہ غلط انجکشن لگنے سے بچی کی موت کے معاملہ پر نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ مظفرگڑھ ڈاکٹر فیاض گوپانگ سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔سی ای او ہیلتھ مظفر گڑھ نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔

جس کے مطابق بچی کی موت ڈسپنسر عامر سہیل کی جانب سے غلط انجکشن لگانے کے باعث ہوئی۔ڈسپنسر عامرسہیل نے انجکشن لگانے سے قبل ڈیوٹی ڈاکٹر سے کوئی رائے نہیں لی۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ مظفرگڑھ کے مطابق بچی کو لگایا گیا انجکشن ڈیوٹی ڈاکٹر نے تجویز ہی نہیں کیا بلک ڈسپنسر نے اپنی مرضی سے انجکشن لگایا۔ڈاکٹر فیاض گوپانگ نے بتایا کہ ڈسپنسر کو واقعہ کے بعد پولیس کی حراست میں دے دیا گیا۔

سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب نے واقعہ میں انسانی جان کے ضیاع پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ نا اہلی کے مرتکب ڈیوٹی ڈاکٹر اور ڈسپنسر کو معطل کردیا گیا ہے۔افسوسناک واقعہ کی انکوائری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔