Live Updates

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ضم اضلاع کے پہلے جدید پولیس سہولت مرکز کا افتتاح کردیا

پیر 30 جون 2025 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضم اضلاع کے پہلے اور جدید پولیس سہولت مرکز خیبر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر کپیٹل سٹی پولیس آفیسر قاسم علی خان، ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ریٹائرڈ ) جواد قمر، ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی رائے اعجاز احمد، ڈی پی او خیبر کیپٹن (ریٹائرڈ ) رائے مظہر اقبال اور پرنسپل سٹاف آفیسر ٹو آئی جی پی عمران خان موجود تھے۔

جدید سہولت مرکز خیبر میں باقی سہولت مراکز جیسی سہولیات کے علاوہ خاص طور پر اضافی خدمات بھی فراہم کی جائینگی جو اسے ایک منفرد اور جدت پر مبنی سہولت مرکز بناتی ہیں۔ کیریکٹر سرٹیفیکیٹ، بیرون ممالک کے لیے ویریفیکیشن کے علاوہ یہاں ایک ڈرائیونگ سکول بھی موجود ہوگا جو ماہر سٹاف کی زیر تربیت عوام کو ڈرائیونگ سیکھنے کے ساتھ ساتھ لائسنس کے فوری حصول میں معاون ثابت ہوگا، پختون روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کیلئے الگ سیٹ اپ اور خواتین ڈیسک بنایا گیا ہے جسے "دا خویندو مرکز" کا نام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خیبر کیفے کے نام سے ایک کیفیٹیریا بھی بنایا گیا ہے جو سہولت مرکز آنے والے سائلین کو ہلکی پھلکی ریفریشمنٹ فراہم کرے گا۔ 100 کیمروں پر مشتمل ایک جدید ماڈل سیف سٹی سے سہولت مرکز اور اسکے اطراف کے علاقوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ عوام بلا خوف و خطر قانونی و دیگر امداد کیلئے تشریف لائیں۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ اپنی نوعیت کا پہلا اور جدید سہولت مرکز ضم ضلع خیبر کے عوام کیلئے خیبر پختونخوا پولیس کا تحفہ ہے جہاں عوام کو ضروری سہولیات چند منٹوں میں میسر ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ سہولت مرکز خیبر کے اعلی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضم اور بڑے اضلاع میں سہولت مراکز بنائے جائیں گے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قانونی خدمات کی بروقت اور دہلیز پر فراہمی کیلئے کوشاں ہیں اور اس امر میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھا جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات