منشیات کے ملزمان کا سابقہ ریکارڈ پیش نہ کرنے پر اظہارِ برہمی،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن طلب

پیر 30 جون 2025 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) لاہورہائیکورٹ نے منشیات کے ملزمان کا سابقہ ریکارڈ پیش نہ کرنے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا کو آج منگل کے روز طلب کر لیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی نے منشیات کے ملزم انتظار علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

ملزم کے خلاف تھانہ کاہنہ میں سب انسپکٹر طالب حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ،تھانہ کاہنہ کا تفتیشی افسر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کے ہمراہ پیش ہوا ۔

جسٹس سید شہباز علی رضوی نے استفسار کیا ملزم کے خلاف سابقہ کتنے مقدمات درج ہیں ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے جواب دیا کہ دس کے قریب مقدمات ہیں ۔جسٹس سید شہباز علی رضوی نے استفسار کیا ان سابقہ مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ کہاں ہے ،تفتیشی افسر عدالت میں تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو طلب کرتے ہوئے سماعت آج یکم جولائی تک ملتوی کردی ۔