صحابہ کرام اور اہل بیت عظام کی باہمی اخوت و محبت امت کیلئے نمونہ ہے،حافظ محمد ابراہیم نقشبندی

پیر 30 جون 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) معروف روحانی و اصلاحی شخصیت حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے خانقاہ انبالہ ہائوس ٹائون شپ لاہور میں ہفتہ وار اصلاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار کے درمیان پائی جانے والی باہمی اخوت و محبت اور احترام وہمدردی کے ایمان افروز واقعات اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ صحابہ کرام اور اہل بیتِ نبوی ایک دوسرے کے خیر خواہ، مددگار اور محبت کرنے والے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیت کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور صحابہ کرام کی عزت و عظمت کے بغیر دین کا تصور ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے فرقہ واریت اور باہمی نفرتوں کو امت مسلمہ کے زوال کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں ان مقدس ہستیوں کے باہمی اخوت و محبت کے تعلقات کو جاننے، سمجھنے اور ان سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے جنہوں نے دین کے لیے اپنی جان ومال اور وقت کوقربان کیا. انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم ان پاکیزہ اورمقدس ہستیوں کی سیرت کو پڑھیں اوران کے آپس کے تعلق کو دل وجان سے تسلیم کریں، حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے پوری امت کو باہمی نفرتوں، الزام تراشی اور تاریخی تحریفات سے بچنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم واقعی ان مقدس ہستیوں سے محبت رکھتے ہیں تو ہمیں ان کی سیرت و کردارپر عمل بھی کرنا ہوگا جس کا بنیادی سبق محبت، درگزر اور اتحاد ہے۔

متعلقہ عنوان :