وفاقی دارالحکومت میں حفاظتی ٹیکہ جات کی تیسری مہم کا آغازہوگیا

اگر انسداد پولیو مہم نہ ہو تو ہر سال 25ہزار کیسز سامنے آ سکتے ہیں،وزیرصحت مصطفی کمال

پیر 30 جون 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)وفاقی دارالحکومت میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی تیسری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد کے بنیادی مرکز صحت گولڑہ میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی تیسری مہم کے آغاز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل، عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندوں سمیت محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے بگ کیچ اپ ویکسین مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ان بچوں کیلئے ہے، جو کورونا وباء کے دوران حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ گئے تھے، اسلام آباد میں شروع ہونے والی 12روزہ مہم کے دوران بچوں کو 12جان لیوا بیماریوں سے بچا کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔مصطفی کمال نے کہاکہ اگر انسداد پولیو مہم نہ ہو تو ہر سال 25ہزار کیسز سامنے آ سکتے ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ سیوریج نظام کی خرابی، آبادی میں تیز اضافہ، اور وسائل کی کمی ملک کو بحران کی طرف لے جا رہے ہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ انہیں مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔