محرم الحرام، لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات

منگل 1 جولائی 2025 12:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) عشرہ محرم الحرام کے سلسلہ میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔05 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 37 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر معمور ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کیمطابق منگل کو صوبائی دارالحکومت میں 03 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہے، صوبہ بھر میں 547 عزاداری جلوس، 3804 مجالس منعقد ہوئے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں منگل کو محرم الحرم کی مناسبت سے 42 عزاداری جلوس برآمد، 410 مجالس منعقد ہوئیں۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی،حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر، اشتعال انگیزی پر پابندی ہے، طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ ، پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں، لاوڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔