بٹگرام،غیر معیار چپس و مشروبات اور دیگر ناقص اشیائے خوردونوش کی فروخت پر پابندی کر دی گئی

منگل 1 جولائی 2025 16:47

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) اسسٹنٹ کمشنر آلائی احتشام جاوید نے کہا ہے کہ تمام دکانداروں، بازار ایسوسی ایشنز اور عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی ہدایات کی روشنی میں تحصیل آلائی سمیت ضلع بھر میں غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ اور مضر صحت سنیکس (چپس، مشروبات وغیرہ) کی فروخت پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔

ایسی اشیاء اکثر غیر محفوظ ماحول میں تیار کی جاتی ہیں اور خاص طور پر بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ہدایت کی جاتی ہے کہ جو کمپنیاں یا دکاندار چپس، مشروبات یا کوئی بھی سنیکس فروخت کرنا چاہتے ہیں، وہ سب سے پہلے دفتر اسسٹنٹ کمشنر آلائی سے باقاعدہ این او سی (اجازت نامہ) حاصل کریں۔

(جاری ہے)

یہ این او سی صرف ان کمپنیوں کو جاری کیا جائے گا جو اپنی کمپنی کی رجسٹریشن، پروڈکٹ کا فوڈ سیفٹی یا کوالٹی سرٹیفکیٹ اور جہاں ضروری ہو وہاں حلال فوڈ اتھارٹی خیبر پختونخوا سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ فراہم کریں گے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ جو بھی دکاندار یا سپلائر بغیر اجازت نامہ یا مناسب سرٹیفکیٹس کے ایسی اشیاء فروخت کرتے پائے گئے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکانداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی دستاویزات کے ہمراہ دفتر اے سی آلائی میں رجوع کریں تاکہ اجازت نامہ جاری کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :