راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے محرم الحرام کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات

منگل 1 جولائی 2025 18:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے محرم الحرام کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات جاری ہیں۔ محرم کے ابتدائی پانچ دنوں میں کمپنی نے تمام اضلاع میں مثالی صفائی آپریشن مکمل کیا جبکہ یوم عاشورہ کے لیے’’گرینڈ صفائی پلان‘‘ پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق راولپنڈی، اٹک،چکوال، جہلم، تلہ گنگ اور مری کے اضلاع کی تمام تحصیلوں کے شہری و دیہی علاقوں میں محرم الحرام کے پہلے پانچ دنوں کے دوران مجالس و جلوسوں کے مقامات پر بروقت صفائی، واشنگ، چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا۔

آپریشن میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں سینٹری ورکرز،سپروائزرز اور افسران حصہ لے رہے ہیں جبکہ مشینری بشمول مکینیکل سویپرز اور واٹر باؤزرز بھی فیلڈ میں متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

خصوصی پلان کے تحت جلوسوں کے مرکزی راستوں کی مکمل صفائی و دھلائی کا کام 9 محرم کی شب مکمل کر لیا جائے گا۔یوم عاشورہ پر ڈبل شفٹ میں عملہ ڈیوٹی دے گا، اور ہر جلوس کے ساتھ متحرک موبائل صفائی یونٹس موجود رہیں گے۔

تمام اضلاع میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔جلوس گزرنے کے فوراً بعد راستوں کی فوری صفائی اور اسپرے کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ محرم میں صاف ستھرا، محفوظ اور باوقار ماحول مہیا کیا جائے۔ہم نے تمام اضلاع میں ٹیمیں ہائی الرٹ پر رکھ دی ہیں اور یوم عاشورہ کے دن اضافی افرادی قوت بھی فیلڈ میں موجود ہو گی۔عوامی آگاہی کے لیے ہینڈ بلز کی تقسیم، بینرز کی تنصیب اور کیمپ آفسز کے قیام جیسے اقدامات بھی جاری ہیں تاکہ صفائی سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔