پنجاب حکومت کے زرعی انقلابی منصوبے کے تحت تحصیل کلرسیداں میں اب تک 14 ٹریکٹرز فراہم کیے جا چکے ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت

منگل 1 جولائی 2025 21:54

کلرسیداں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زرعی ترقیاتی وژن کے تحت تحصیل کلرسیداں میں محکمہ زراعت توسیع کے اقدامات ثمر آور ہونے لگے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کلرسیداں ڈاکٹر تانیہ صفدر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کے زرعی انقلابی منصوبے کے تحت تحصیل کلرسیداں میں اب تک 14 ٹریکٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ 444 کسان کارڈز کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 3 کروڑ 68 لاکھ 70 ہزار روپے کی رقم بغیر سود کے قرض کی صورت میں کسانوں کو فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی خریداری بآسانی کر سکیں۔ڈاکٹر تانیہ صفدر کے مطابق تحصیل کلرسیداں میں کسان کارڈ کے تحت لون کی سو فیصد ریکوری کی گئی، جو پنجاب بھر میں ایک مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ 8 مختلف ڈیلرز کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جہاں کارڈ مشینیں نصب کر دی گئی ہیں، جس کے ذریعے کسان رعایتی نرخوں پر کھاد و دیگر زرعی اشیاء خرید رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں بارشوں کی کمی کے باعث فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات بھی کیے گئے، جس پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ڈاکٹر تانیہ صفدر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام عملے کے لیے ایک ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ادھر ضلع راولپنڈی میں گندم کی زیادہ پیداوار کے مقابلوں میں کلرسیداں کے کاشتکاروں نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔

چوہدری ابرار احمد گجر نے 41 من فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ ضلع میں دوسری پوزیشن حاصل کی جس پر انہیں 8 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا، جبکہ نمبردار چوہدری وقاص گجر نے 39 من فی ایکڑ گندم کی پیداوار کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی اور 5 لاکھ روپے انعام ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا گیا۔کاشتکاروں اور عوامی حلقوں نے محکمہ زراعت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسی جذبے سے کام جاری رہا تو کلرسیداں زرعی ترقی میں ایک مثال بن کر اُبھرے گا۔