آئی سی سی آئی اور بحریہ ٹائون کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط، باہمی تعاون کو فروغ دینے پراتفاق

منگل 1 جولائی 2025 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور بحریہ ٹائون راولپنڈی نے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے باضابطہ اشتراک کا فیصلہ کیا ہے ۔منگل کو ایم او یو پر آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی اور بحریہ ٹائون راولپنڈی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو ساجد الیاس نے دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت آئی سی سی آئی کے اراکین بحریہ ٹائون کی جانب سے پیش کردہ منتخب خدمات پر خصوصی رعایت کے حقدار ہوں گے جبکہ آئی سی سی آئی اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بحریہ ٹائون کے مختلف پروجیکٹس کو فروغ دے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کاروبار کرنے میں آسانی اور کاروباری برادری بالخصوص آئی سی سی آئی کے اراکین کے لیے برابری کا میدان فراہم کرنے کے لیے چیمبر کی مسلسل کوششوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ساجد الیاس نے بحریہ ٹائون کے مختلف منصوبوں کو اجاگر کیا جن میں مختلف ہائوسنگ سکیمز، گھڑ سواری کی سرگرمیاں اور گالف کی سہولیات وغیرہ شامل ہیں۔سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اسلام آباد چیمبر کی کاروباری برادری کی وکالت اور سہولت کاری کے مشن کا اعادہ کیا۔تقریب میں دونوں اطراف سے کئی قابل ذکر شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں بحریہ ٹائون سے احمد علی (ڈائریکٹر)، طاہر حنیف (سینئر جی ایم فنانس)، کلیم اللہ (جی ایم ایچ آر) اور ایم اویس (ڈپٹی جی ایم مارکیٹنگ) جبکہ آئی سی سی آئی کی جانب سے ایگزیکٹو ممبر وسیم چوہدری، ممبر احتشام چوہدری اور کاروباری شخصیات شکیل احمد، ثمر عباس اور عاطف حسین شامل تھے۔