امام حسینؓ کا اسوہ ہر دور کے مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ ہے، مفتی محمد فیض القادری

امام حسینؓ نے یہ پیغام دیا کہ جب بھی دین پر آنچ آئے، زبان بند نہیں، علم بلند ہونا چاہیے

منگل 1 جولائی 2025 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کے امیر و مہتمم جامعہ غوثیہ طفیلیہ گلفشاں سوسائٹی کراچی، مفتی محمد فیض القادری نے کہا ہے کہ امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اسوہء حیات ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق پر ثابت قدم رہنے کی عملی تفسیر ہے۔ آپؓ کی قربانی رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کے میدان میں امام حسینؓ نے اپنی جان، اہلِ بیتؓ اور اصحابؓ کی عظیم قربانی پیش کر کے اسلام کے اصل چہرے کو محفوظ کیا۔ وہ نہ صرف نواسہء رسولﷺ تھے بلکہ دینِ محمدی کے حقیقی وارث بھی تھے، جنہوں نے وقت کے باطل نظام کو للکارا اور سر کٹوا دیا، مگر باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

(جاری ہے)

مفتی فیض القادری نے کہا کہ آج کے دور میں جب باطل قوتیں مختلف انداز سے حق کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں، ہمیں امام حسینؓ کی سیرت سے سبق لینا چاہیے۔

امام حسینؓ نے یہ پیغام دیا کہ جب بھی دین پر آنچ آئے، زبان بند نہیں، علم بلند ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کربلا محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام ہے ظ صبر، استقامت، قربانی اور حق کے لیے ڈٹ جانے کا پیغام۔ امام حسینؓ کی عظیم شہادت پوری امت مسلمہ کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے، بشرطیکہ ہم آنکھیں کھولیں اور دل سے سچائی کو تسلیم کریں۔مفتی محمدفیض القادری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا اور دنیاوی فتنوں کے شور میں گم ہونے کے بجائے امام حسینؓ کی سیرت سے رہنمائی لیں اور دین کے اصل پیغام کو اپنائیں۔