500 سے زائد ریسکیورز ڈیوٹی پر تعینات اورالرٹ رہیں گے،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرسرگودھا

منگل 1 جولائی 2025 23:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122سرگودہا مظہر شاہ کی سربراہی میں محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے حوالے سے ایمرجنسی کورپلان جاری ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ نے ریسکیو1122 سرگودہا کے ہیڈکوارٹر یونیورسٹی روڈ پر محرم الحرام کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں اجلاس میں ہدایات جاری کیں کہ حسب روایت ضلع سرگودہا بشمول تحصیل میں بڑی امام بارگاہوں میں ہونے والی مجالس اور ماتمی جلوسوں پر اعزاداروں کیلئے ابتدائی طبی امداد کو یقینی بنایا جائے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کرنے کےاحکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ 500 سے زائد ریسکیورز جدید آلات سے مزین ایمبولینسزاورفائروہیکلز کے ساتھ ڈیوٹی پر تعینات اورالرٹ رہیں گے۔

(جاری ہے)

محرم الحرم میں کسی بھی ہنگامی صورت حال میں 27ایمبولینسز‘5فائروہیکلزاور 2ریسکیووہیکلزکے علاوہ 49 موبائل موٹر بائیک ایمبولینسزز ماتمی جلوسوں کے ساتھ ہونگی۔

ریسکیو1122کی مزید موبائل ایمرجنسی ریسکیوپوسٹیں امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر موجود ہونگی۔ اس کے علاوہ موبائل پوسٹیں اورایمبولینسز‘فائروہیکلز اپنے فرسٹ ایڈ باکس کے ساتھ جلوسوں کے ہمراہ ہونگی تاکہ عزادارین کو بروقت طبی امداد مہیا کی جا سکے۔ مزید براں ریسکیو 1122کنٹرول روم24/7 فعال ہے اور یوم عاشور کے دوران بھی ہر ایمرجنسی کال پر ایمرجنسی سروس کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

10 محرم الحرام کو رابطہ نہ ہونے کی صورت میں عوام لناس لینڈ لائن نمبرز 0489230425 سے کنٹرول روم نمبر ڈائل کریں اور موقع پر موجود ریسکیو سٹاف یا قریبی کیمونٹی ریسکیو اسٹیشنوں کو ایمرجنسی کے بارے اطلاع دیں تاکہ بروقت ایمرجنسی سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ تمام عزاداروں اورامام بارگاہوں کے متولیوں سے گزارش کی ہے کہ ریسکیوٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔