وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کا وزیراعظم شہباز شریف اور سینیٹر عرفان صدیقی سے اظہارِ تشکر

منگل 1 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سینیٹر عرفان الحق صدیقی کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے علمی، ادبی، تاریخی اور ثقافتی اداروں کو تحلیل یا ضم کرنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے ان اداروں کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو وزارت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ثقافت نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ واضح مؤقف ملک بھر کے اہلِ دانش، ادیبوں، شاعروں، فنکاروں اور ثقافت سے وابستہ حلقوں کے لئے اطمینان اور حوصلے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اداروں کے تحفظ اور ترقی سے متعلق بیان قوم کے علمی و تہذیبی ورثے کے تحفظ کی ضمانت ہے۔محمد اورنگزیب کھچی نے سینیٹر عرفان الحق صدیقی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے بروقت حکومت کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف مبذول کرائی اور علمی و ادبی حلقوں کی تشویش کو مؤثر انداز میں وزیراعظم کے سامنے پیش کیا۔

وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت نے کہا کہ وزارت وزیراعظم کے وژن کے مطابق ان اداروں کی فعالیت، جدید خطوط پر استوار کرنے اور نوجوان نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑنے کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔