ڈپٹی کمشنر دْکی کا متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر ناصر آباد کا دورہ ،برساتی نالوں کا معائنہ

منگل 1 جولائی 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر دْکی محمد نعیم خان نے متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر ناصر آباد کا دورہ کر کے برساتی پانی کے بہاؤ کے نالوں اور راستوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کمانڈر 87 ونگ محمد حنیف اور چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل حاجی محمد اعظم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے نالوں اور نکاسی آب کے راستوں کی فوری صفائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا پانی جمع ہونے کی صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے چیف آفیسر کو تاکید کی کہ تمام ڈرینج لائنز کو کھلا اور فعال رکھا جائے اور کچرے یا ملبے کی فوری صفائی کی جائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تمام مشینری کو الرٹ رکھا جائے، عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہےاور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :