ایف آئی اے کا غیر قانونی کرنسی نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی برآمد

جمعہ 29 اگست 2025 22:21

ایف آئی اے کا غیر قانونی کرنسی نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایت پر حوالہ، ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف ملک بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے تحت پشاور زون نے بڑی کارروائیاں انجام دیں، جن میں کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی۔ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور اور کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد نے مانسہرہ اور پشاور میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق، ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے اور حوالہ و ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی لین دین میں سرگرم تھے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 50 ہزار امریکی ڈالر، 22,700 سعودی ریال، 2,150 یو اے ای درہم، 1,060 یورو، 29,500 افغانی، 255 برطانوی پاؤنڈ، 75,200 پاکستانی روپے، کینیڈین ڈالر، قطری ریال اور کویتی دینار بھی برآمد کیے گئے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کے مطابق، ملزمان سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق دیگر اہم شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، جبکہ برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے ملزمان تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔ تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔