کے- الیکٹرک بجلی کے نرخوں میں کمی کرکے اپنے صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے سخت اقدام اٹھائے ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار

بدھ 2 جولائی 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے منگل کو ہدایت کی ہےکہ کے- الیکٹرک بجلی کے نرخوں میں کمی کرکے اپنے صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے سخت اقدام اٹھائے تاکہ ملک بھر میں نرخوں کو یکساں بنایا جا سکے۔ قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس کی صدارت ایم این اے سید حفیظ الدین نے کی۔

قائمہ کمیٹی نے کے- الیکٹرک کی جانب سے 5 روپے وصول کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی نجکاری کو روکنے کے لیے مناسب فورم پر اس معاملے کو اٹھانے کا فیصلہ کیا تاکہ اس سے وابستہ 16000 ملازمتوں کو بچایا جا سکے۔ کمیٹی نے ملک میں آٹوموبائل فور وہیلر سرٹیفیکیشن پالیسی کی عدم موجودگی اور مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کی غلط جانچ پر شدید تشویش کا اظہار کیا جو حادثات کی صورت میں انسانی جانوں کا بڑے پیمانے پر نقصان کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے سفارش کی کہ وزارت صنعت و پیداوار ایک دوسرے پر ذمہ داریاں ڈالنے کی بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تجاویز لے کر آئیں تاکہ مستقبل میں مزید حادثاتی جانی نقصانات کو روکا جا سکے اور اگلی میٹنگ میں کمیٹی کو رپورٹ پیش کی جائے۔ قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے اپنے محکموں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں اور اس سلسلے میں انہیں درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔

ایم این اے شاید عثمان، ایم این اے کرن عمران ناز، ایم این اے سید مرتضی محمود،ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ایم این اے عبدلحکیم بلوچ، ایم این اے مہرین بھٹو، ایم این اے ناز بلوچ، ایم این اے محمد اقبال خان، محمد موبین عارف، ایم این اے محمد سعد اللہ، ایم این اے رانا عارف، ایم این اے محمد ارشد ساہی، ایم این اے سید رضا علی گیلانی اور ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار، ممبر ایف بی آر کمیٹی میٹنگ میں شریک ہوئے۔