موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ضروری ہے،اسپیشل سیکرٹری جنگلی حیات پنجاب

بدھ 2 جولائی 2025 18:11

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) اسپیشل سیکرٹری جنگلی حیات اور ماہی پروری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) رانا رضوان قدیر جنوبی پنجاب نےمظفرگڑھ میں غازی گھاٹ کے مقام پر جنگل اور ڈیرہ غازی خان میں درامہ کے مقام پر ماہی پروری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ان منصوبوں کی تعمیری نوعیت، مٹیریل،اور فنشنگ ورک کا بھی معائنہ کیا گیا۔

اس دورہ میں ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل طارق محمود احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ڈیرہ غازی خان رضا محمد نے نئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان میں مچھلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے ساڑھے سات ایکڑ پر مشتمل 10 یونٹ بنائے گئے ہیں، جس سے نہ صرف مچھلی کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ مچھلی کی نئی اقسام اور ماہی پروری کی نئی تکنیک بھی متعارف ہوں گی۔

(جاری ہے)

سپیشل سیکرٹری جنگلات و ماہی پروری جنوبی پنجاب رانا رضوان قدیر نے اس موقع پر تلاپیہ اور پینگاسیس مچھلی کا براڈ سٹاک کا معائنہ کیا اور بروقت بریڈنگ کی ہدایات جاری کیں تاکہ فارمرز کو مچھلی کا بچہ بروقت ان کی ضروریات کے مطابق مہیا ہو سکے۔انہوں نے ہدایت دی کہ مذکورہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔جبکہ دوسری جانب سپیشل سیکرٹری جنگلات و ماہی پروری جنوبی پنجاب نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن سرسبز پنجاب کے تحت ضلع مظفرگڑھ کے غازی گھاٹ جنگل میں 1500ایکڑ رقبہ پر 18 لاکھ سے زائد لگائے گئے جنگل کا بھی دورہ کیا۔

سپیشل سیکرٹری جنگلات رضوان قدیر نے اپنے دورہ غازی گھاٹ کے موقع پرکہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری ضروری ہے۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات مظفرگڑھ سے راشد محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری جنگلات جنوبی پنجاب رانا رضوان قدیر نے محکمہ جنگلات کی ٹیم کو مقررہ وقت میں کام مکمل کرنے پر شاباش بھی دی۔ سپیشل سیکرٹری جنگلات نے کہاکہ بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ کو پودے لگا کر کنٹرول کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ رقبہ پندرہ سال سے خالی پڑا ہوا تھا۔جس پر محکمہ جنگلات کی جانب سے اب جنگل لگا دیا گیا ہے۔جس سے گلوبل وارمنگ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔