مرکز اہل سنت جامع مسجد حنفیہ فاروقیہ میں 10 روزہ روحانی محافل کے سلسلے کی اہم نشست

بدھ 2 جولائی 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)مرکز اہل سنت جامع مسجد حنفیہ فاروقیہ اسلام پورہ لاہور میں جاری 10 روزہ روحانی محافل کے سلسلے کی ایک اہم نشست منعقد ہوئی جس سے ممتاز روحانی و علمی شخصیت پیر حسان خواجہ حسیب الرحمن نقشبندی نے خصوصی خطاب کیا۔انہوں نے اپنے پراثر بیان میں ’’محبت اہلِ بیت اور توقیرِ صحابہ‘‘کے عنوان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کی اساس، اہل بیت اطہار سے محبت اور صحابہ کرام کی عزت و تکریم میں مضمر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو دل اہل بیت کی محبت سے خالی ہو وہ ایمان کی کامل روشنی سے محروم ہے اور جو زبان صحابہ کرام کی توقیر نہ کرے وہ حق گوئی سے محروم رہتی ہے۔پیر حسان خواجہ نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو فرقہ واریت، نفرت اور بغض سے بچتے ہوئے اخلاص، رواداری اور اعتدال کی راہ اپنانی چاہیے۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ اہل بیت اور صحابہ کرام کی مشترکہ عظمت کو تسلیم کر کے ہی ہم دین کی حقیقی روح کو پا سکتے ہیں۔روحانی محفل میں شہر بھر سے علمائے کرام، مشائخ، طلبا اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا اختتام دعا اور درود و سلام پر ہوا۔

متعلقہ عنوان :