ہم چاہتے ہیں کراچی پریس کلب کو کسی اور جگہ شفٹ کر دیں، شرجیل میمن

کراچی پریس کلب ریڈ زون میں آتا ہے اور پریس کلب پر روز کوئی نہ کوئی احتجاج ہو رہا ہوتا ہے، سینئروزیرسندھ

جمعرات 3 جولائی 2025 22:00

ہم چاہتے ہیں کراچی پریس کلب کو کسی اور جگہ شفٹ کر دیں، شرجیل میمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہاہے کہ کراچی پریس کلب ریڈ زون میں آتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس کو کسی اور جگہ منتقل کر دیں۔سندھ کے وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کی منتقلی کا عندیہ دیا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی پریس کلب ریڈ زون میں آتا ہے اور پریس کلب پر روز کوئی نہ کوئی احتجاج ہو رہا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ پریس کلب کو کسی اور جگہ منتقل کر دیں۔ اس حوالے سے ہم نے پریس کلب والوں سے میٹنگ بھی کی کہ کوئی اور جگہ دے سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ احتجاج کرنا سب کا حق ہے بشرط یہ کہ وہ پر امن ہو۔ کیونکہ ہم نے کبھی نہیں چاہا کہ عام لوگوں کو تکلیف ہو۔انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور ایک سابق وفاقی وزیر کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور احتجاج کرنے والوں کو متنبہ کیا کہ میں بڑے پیار سے کہہ رہا ہوں کہ حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے۔ کوئی جتھہ کہے کہ ہم مظاہرہ کریں گے اور ریڈ زون میں گھسیں گے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔