پی ایچ پی صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت و تحفظ اور قوانین کی پاسداری کیلئے سرگرم عمل ہے،ترجمان پنجاب پولیس

بدھ 2 جولائی 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت و تحفظ اور قوانین کی پاسداری کیلئے سرگرم عمل ہے جس کے تسلسل میں پی ایچ پی نے ماہِ جون 2025کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ماہ جون میں پی ایچ پی نے شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 3.6ملین افراد کو چیک کیا۔

دورانِ چیکنگ 392اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ پنجاب بھر کی شاہرات پر 1.6ملین گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور 275 چوری شدہ گاڑیاں / موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 33ہزار 8سو 98اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 1096گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 20ہزارایک سو 25ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ 56گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا گیا اور 6582 عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہا کو بہتر بنایا گیا۔13618مسافروں کو شاہرات پر مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی۔ پولیس خدمت مراکز پر 18490شہریوں کو مختلف پولیسنگ خدمات فراہم کی گئیں۔ ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 52 مقدمات درج کئے گئے،ملزمان کے قبضہ سے 2کلاشنکوف، 4رائفلز، 46پسٹلز اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔