سوئٹزرلینڈ کی جنیوا میں غزہ ہیومینٹیرین فائونڈیشن کے دفتر کو بند کرنے کے لیے کارروائی

غزہ ہیومینٹیرین فائونڈیشن نے بعض قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا، سوئس فیڈرل سپروائزری اتھارٹی فار انٹرپرائزز

جمعرات 3 جولائی 2025 13:10

برن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)سوئٹزرلینڈ نے غزہ ہیومینٹیرین فانڈیشن کے جنیوا دفتر کو بند کرنے کی کارروائی شروع کی ہے، اس حوالے سے دفتر کے قیام میں قانونی کوتاہیوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ غزہ ہیومینٹیرین فانڈیشن ایک متنازع امدادی تنظیم ہے جسے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت حاصل ہے۔ اس تنظیم نے مئی کے آخر میں غزہ کی پٹی میں خوراک کے پارسل تقسیم کرنا شروع کیے تھے۔

خوراک کی تقسیم امداد کی ترسیل کے ایک نئے ماڈل کا حصہ تھی۔ امداد کی تقسیم مراکز کے قریب فائرنگ میں سینکڑوں فلسطینیوں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ کی طرف سے تنقید کی گئی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوئس فیڈرل سپروائزری اتھارٹی فار انٹرپرائزز نے قرض دہندگان کو ایک نوٹس میں کہا کہ اگر کوئی قرض دہندہ 30 دن کی قانونی مدت کے اندر آگے نہیں آتا ہے تو اتھارٹی تنظیم کو تحلیل کرنے کا حکم دے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے بتایا کہ غزہ ہیومینٹیرین فانڈیشن بعض قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان قانونی تقاضوں میں بورڈ کے اراکین کی صحیح تعداد، ڈاک کا پتہ، یا سوئس بینک اکائونٹ سے متعلق امور شامل ہیں۔اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ ہیومینٹیرین فانڈیشن نے فیڈرل سپروائزری اتھارٹی کو تصدیق کی ہے کہ اس نے سوئٹزرلینڈ میں کبھی کوئی سرگرمی نہیں کی ہے اور وہ جنیوا میں رجسٹرڈ برانچ کو تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جنیوا میں حکام نے گزشتہ ہفتے غزہ ہیومینٹیرین فانڈیشن کو ایک علیحدہ قانونی نوٹس جاری کیا تھا جس میں اسے 30 دنوں کے اندر تنظیمی کوتاہیوں کو دور کرنے یا ممکنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔