ضلع خیبرمیں پولیس کی کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد، ملزم گرفتار

جمعرات 3 جولائی 2025 14:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) ضلع خیبر علی مسجد پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے موٹرکار کے ذریعے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ دوران تلاشی موٹرکار سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمدکر لی اور ملزم گرفتارکر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس ایچ او علی مسجد یار جان کی زیر نگرانی ایڈیشنل ایس ایچ او نصیب خان اور دیگر پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک موٹرکار کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے 15 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی ، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔

(جاری ہے)

منشیات سمگلر نعمت اللہ ساکن جمرود سورکمر کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خلاف کامیاب کارروائیاں مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید اور سی سی پی او پشاور کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ضلع خیبر میں منشیات کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی ہے، جو منشیات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔