پنجاب میں وزراء کی تنخواہ میں اضافے کے بعد لیو الائونس بھی بڑھانے کا فیصلہ

منسٹرز، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا لیو الائونس تنخواہ کے برابر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ‘رپورٹ

جمعرات 3 جولائی 2025 15:13

پنجاب میں وزراء کی تنخواہ میں اضافے کے بعد لیو الائونس بھی بڑھانے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) پنجاب میں وزرا کی تنخواہ میں اضافے کے بعد لیو الائونس بھی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے منسٹرز، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا لیو الائونس تنخواہ کے برابر کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ اس سلسلے میں پنجاب عوامی نمائندوں کے قوانین (ترمیمی) بل 2025پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا گیا۔

بل حالیہ اجلاس میں منظور کیا گیا، ترمیمی بل کے تحت پنجاب منسٹر (سیلری، الائونس، پرولیجز)ایکٹ 1975میں ترامیم کی جائیں گی، بعد از ترامیم چھٹی پر تنخواہ کی کٹوتی نہیں ہوگی، صوبائی وزراء کی 1لاکھ تنخواہ کے وقت 1ماہ کی چھٹی پر 74ہزار تنخواہ ملتی تھی۔متن کے مطابق بعد از ترامیم پنجاب کے وزراء کو 1ماہ چھٹی پر ماہانہ 74 ہزار کے بجائے پوری تنخواہ 9لاکھ 60ہزار ملے گی، سپیکر پنجاب اسمبلی کو 1لاکھ 25ہزار تنخواہ کے وقت 1ماہ چھٹی پر 37ہزار تنخواہ ملتی تھی۔

(جاری ہے)

بعد از ترامیم سپیکر پنجاب اسمبلی کو 1ماہ کی چھٹی پر 37ہزار کے بجائے پوری تنخواہ 9لاکھ 50ہزار ملے گی، ڈپٹی سپیکر کو 1لاکھ 20ہزار تنخواہ کے وقت ایک ماہ چھٹی پر 37ہزار تنخواہ ملتی تھی۔متن کے مطابق بعد از ترامیم ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کو چھٹی پر ماہانہ 37ہزار کے بجائے پوری تنخواہ 7لاکھ 75ہزار ملے گی، یہ ترامیم وزراء کی تنخواہوں میں اضافے کے بعد ضروری ہیں، موجودہ لیو الائونس پچھلی تنخواہوں کے برابر ہے۔