عمان نے بینک کے ذریعے رقم ٹرانسفر کرنے کے قوانین میں تبدیلی کردی

آئی بین اب سلطنت میں کی جانے والی تمام ادائیگیوں کیلئے ایک لازمی شرط ہے جو یکم جولائی 2025 سے نافذ ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 14:33

عمان نے بینک کے ذریعے رقم ٹرانسفر کرنے کے قوانین میں تبدیلی کردی
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) خلیجی سلطنت عمان نے بینک کے ذریعے رقم ٹرانسفر کرنے کے قوانین میں تبدیلی کردی۔ خلیجی میڈیا کے مطابق یکم جولائی 2025ء سے عمان نے تمام مالیاتی منتقلیوں کے لیے ایک نئی شرط نافذ کی ہے، اس حوالے سے عمان کے مرکزی بینک نے اعلان کیا کہ ملکی سطح پر تمام مالیاتی لین دین کے لیے انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ نمبر (آئی بین) لازمی ہوگا، تاہم بین الاقوامی لین دین اب آئی بین کے بغیر بھی قبول کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ عمان میں 31 مارچ 2024ء کو بین الاقوامی منتقلی کے لیے آئی بین لازمی قرار دیا گیا تھا، مرکزی بینک آف عمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لین دین کی درستگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، غلطیاں کم ہوئی ہیں اور مقامی اور بین الاقوامی بینک ٹرانسفرز کے لیے تیز رفتار کارروائی کے اوقات میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

صارفین کو اس سلسلے میں ایک آگاہی پیغام موصول ہوا جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آئی بین کے ساتھ عمان میں مستفید ہونے والوں کو حذف کرکے دوبارہ شامل کریں، نئے ریگولیٹری مینڈیٹ کے تحت آئی بین اب سلطنت عمان میں کی جانے والی تمام ادائیگیوں کے لیے ایک لازمی شرط ہے جو یکم جولائی 2025ء سے نافذ ہوچکی ہے، اس لیے ٹرانزیکشن میں ناکامی سے بچنے کے لیے اپنے آئی بین کا استعمال کرتے ہوئے عمان میں اپنے مستفید کنندگان کو حذف کریں اور دوبارہ شامل کریں، نئے شامل کیے جانے والوں کے لیے 4 گھنٹے کا کولنگ پیریڈ لاگو ہوگا۔

یاد رہے کہ آئی بین یا بین الاقوامی بینک اکاؤنٹ نمبر دنیا میں کہیں بھی کسی بھی بینک اکاؤنٹ کی شناخت کرنے کا ایک معیاری طریقہ ہے، یہ بینک اکاؤنٹ کے لیے یونیورسل پوسٹل کوڈ کی طرح ہے جس میں ملک شامل ہوتا ہے، کچھ حفاظتی ہندسے اور اکاؤنٹ کی باقاعدہ تفصیلات سبھی کو اس میں شامل کیا جاتا ہے۔ یہ نظام بننے سے پہلے رقوم کی منتقلی میں تاخیر عام تھا کیوں کہ بینک مناسب طریقے سے شناخت نہیں کر پاتے تھے کہ ادائیگی کہاں کی جائے، تاہم اب آئی بین کے ذریعے دنیا بھر میں کہیں بھی با آسانی پیسہ وہاں پہنچ جاتا ہے، یہ نمبر باقاعدہ اکاؤنٹ نمبر کی جگہ نہیں لیتا، یہ صرف ایک اضافی سطح ہے جو بین الاقوامی ادائیگیوں کو سنبھالتے وقت دنیا بھر کے بینکوں کے لیے ایک ہی طریقہ کے نفاذ کی وجہ سے آسانی پیدا کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :