خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے ایک اہم سنگ میل ،خیبر ٹیچنگ اسپتال میں گردوں کی پیوندکاری کے لیے خصوصی او پی ڈی کا آغاز

جمعرات 3 جولائی 2025 18:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) خیبر پختونخوا کےسرکاری تدریسی ہسپتال، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جمعرات کو گردوں کی پیوندکاری کی او پی ڈی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اہم موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت احتشام علی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ ان کا استقبال ڈائریکٹر ہسپتال ڈاکٹر ظفر آفریدی، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد داوڑ، پروفیسر ڈاکٹر عامر اظہر، ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر شاہد احمد اور فنانس ڈایریکٹر عبدالوحید نے کیا۔

ڈاکٹر سجاد داوڑ نے مشیرِ صحت کو گردوں کی پیوندکاری سے متعلق او پی ڈی کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں مہمانانِ گرامی نے ڈائلیسز یونٹ کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر ٹرانسپلانٹ پروجیکٹ ڈاکٹر شاہد احمد نے منصوبے کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کیا جا سکتا ہے تاکہ مستقبل میں پیوندکاری کی ضرورت نہ پڑے۔

ڈائلیسز یونٹ میں چیئرمین شعبہ نیفروالوجی پروفیسر ڈاکٹر عامر اظہر نے کہا کہ گردوں کی پیوندکاری سے مریضوں کی زندگی کا معیار نمایاں حد تک بہتر ہوتا ہے۔مشیر صحت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صحت عامہ کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ایک علیحدہ ٹرانسپلانٹ پراجیکٹ یونٹ کے قیام کا اعلان کیا اور بتایا کہ عوامی آراء کی روشنی میں صوبہ خیبر پختونخوا میں یہ منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے ضلعی سطح پر ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں مزید ڈائلیسز یونٹس قائم کیے جا رہے ہیں، جن میں سوات، چترال، دیر، ہزارہ شامل ہیں۔ یہ تمام اقدامات صحت کارڈ اسکیم کے تحت ہوں گے تاکہ گردوں کے علاج تک عوام کی رسائی بہتر بنائی جا سکے۔آخر میں ڈاکٹر ظفر آفریدی نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال، بورڈ آف گورنرز کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔