مانسہرہ ،غازی کوٹ میں 7 محرم الحرام کا جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر

جمعرات 3 جولائی 2025 18:05

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) مانسہرہ میں 7 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس اپنے مقررہ روٹ سے ہوتا ہوا علی مسجد غازی کوٹ میں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے دوران مانسہرہ پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اقدامات کیے گئے۔ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے جلوس سے قبل تمام روٹس اور حساس پوائنٹس کا خود دورہ کیا، سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا اور تمام تعینات عملے کو موقع پر ضروری ہدایات دیں۔

جلوس کی سکیورٹی پر 400 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات رہے۔ جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی، جبکہ جلوس کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سنیفر ڈاگز کی مدد سے کلیئر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا، جبکہ ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس، کیوآر ایف، ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچ، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہے۔

جلوس میں شامل افراد کو باقاعدہ جامہ تلاشی اور شناخت کی تصدیق کے بعد جلوس میں داخل ہونے دیا گیا تاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے مکمل بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ نے تمام سکیورٹی عملہ کی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ہدایت کی کہ آئندہ بھی مجالس و جلوسوں کے دوران اسی جذبے، الرٹنیس اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فرائض انجام دئیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :