7 محرم: لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات، ہائی الرٹ جاری

جمعرات 3 جولائی 2025 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) 7 محرم الحرام 1447ھ کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں 60 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

آج صوبہ بھر میں 1373 عزاداری جلوس برآمد ہو رہے ہیں جبکہ 3865 مجالس منعقد کی جا رہی ہیں۔ صرف لاہور میں 98 جلوس اور 424 مجالس کی سکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق سکیورٹی انتظامات میں 27 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی پولیس کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق عشرہ محرم کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، اشتعال انگیزی، نفرت آمیز مواد کی اشاعت پر مکمل پابندی ہے، اور کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت طے شدہ روٹس و مقامات کے علاوہ کسی جگہ مجالس یا جلوس کی اجازت نہیں۔سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تمام سرگرمیوں کی 24/7 مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس، پیرو اور دیگر فیلڈ فورسز سکیورٹی پر تعینات ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ حالات کی نگرانی اور فوری رابطہ ہر لمحہ ممکن ہو۔