راولپنڈی پولیس نے ریجن بھر میں محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے بہترین حفاظتی انتظامات کئے ،آر پی او

جمعرات 3 جولائی 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے راستوں کا دورہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ راولپنڈی پولیس کے افسران و اہلکاروں نے ریجن بھر کے جلوس و مجالس کے بہترین حفاظتی انتظامات کئے اور آئندہ بھی شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے اپنے فرائض بھرپور انداز سے نبھائیں گے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ اور دیگر سینئر افسران ہمراہ تھے۔ افسران نے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

آر پی او بابر سرفراز الپا کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ریجن میں 7 محرم الحرام کے 17 بڑے جلوسوں پر 6000 سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے، راولپنڈی ریجن میں محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 14000 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے گے ہیں، جلوس/مجالس میں آنے والے شرکا کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی، جلوس کے روٹ کی سرچنگ اور سویپنگ کی جا رہی ہے، جلوس کے روٹ پر گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا گیا ہے، محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کے مطابق فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔