میپکو ریجن میں 10محرم الحرام تک شیڈولڈ لوڈ مینجمنٹ پر پابندی عائد کر دی گئی

جمعرات 3 جولائی 2025 21:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئرگل محمد زاہدنے میپکو ریجن میں 10محرم الحرام تک شیڈولڈ لوڈ مینجمنٹ /پرمٹ پر پابندی عائدکردی ہے اور 87لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی فراہم کرنے والے 127گرڈاسٹیشنوں سے بلاتعطل اورتسلسل کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔میپکو ترجمان کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر کام کرنے کے لئے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر سے صرف دن کے اوقات کار میں پیشگی اجازت لیکر کام کیاجائیگا۔

ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے لئے بکٹ ماؤنٹڈ کرینیں استعمال کرنے اور متعلقہ ایس ڈی اوز /لائن سپروائزرز/سیفٹی سیل کے انسپکٹرز کو موقع پر موجودرہنے اور جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر میپکو کے 1700 سے زائد فیڈرز کی بجلی کی ترسیل مانیٹرکرنے کے لئے سرکلوں میں قائم کنٹرول رومز اور گرڈاسٹیشنوں میں بھی افسران و سٹاف چوبیس گھنٹے تین شفٹوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

دریں اثناء سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نواز بھٹی نے موبائل نیٹ ورک کی ممکنہ بندش کے باعث10محرم الحرام تک بجلی فراہمی اور صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے ملتان سرکل کے تمام ایس ڈی اوز کو دفاتر کے پی ٹی سی ایل /لینڈ لائن نمبرز کو دستیاب رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ملتان سرکل محمد عارف وینس کو محرم الحرام کے لئے فوکل پرسن مقرر کیاگیاہے۔