پرتگال سے تعلق رکھنے والے معروف فٹبالر ٹریفک حادثے میں ہلاک

حادثے کے وقت فٹبالر اپنے بھائی کے ساتھ کار میں موجود تھے جس دوران ان کی گاڑی سڑک سے اتر گئی،میڈیا رپورٹس

جمعرات 3 جولائی 2025 21:30

لزبن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)لیور پول فٹبال کلب کے اسٹار فٹبالر ڈیاگو جوتا ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹبالر 28 سالہ ڈیاگو جوتا اسپین کے شہر زمورا میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔برطانوی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت فٹبالر اپنے بھائی کے ساتھ کار میں موجود تھے جس دوران ان کی گاڑی سڑک سے اتر گئی حادثے میں اسٹار فٹبالر سمیت ان کے بھائی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ڈیاگو جوتا نے گزشتہ ہفتے ہی اپنی پارٹنر روٹ کارڈوسو سے شادی کی تھی اور اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔ ڈیاگو جوتا 2020 میں Wolves کو خیرباد کہہ دینے کے بعد 41 ملین پائونڈ معاوضے کے ساتھ لیور پول میں شامل ہوئے تھے، ان 5 سالوں میں پرتگالی ونگر نے کلب کیلئے 100 سے زائد میچز کھیلے۔ڈیاگو جوتا گزشتہ ماہ یوئیفا نیشنز لیگ کا فائنل جیتنے والی پرتگال ٹیم میں شامل تھے۔مزید برآں ڈیاگو نے لیور پول کے ساتھ انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل بھی جیتا تھا۔