پنجاب حکومت عوام کو صحت عامہ کی تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے،ضلعی فوکل پرسن برائے نیوٹریشن سیالکوٹ

جمعہ 4 جولائی 2025 13:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ضلعی فوکل پرسن برائے نیوٹریشن سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عدنان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت عامہ کی تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، ماں اور بچے کی صحت اور زچگی کی پیچد گیوں کے خاتمے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی مرکز صحت مراد پور میں ماں اور بچے کی بہترین صحت کا ہفتہ کے سلسلے میں لگائے کیمپس کے دورے کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت میلہ پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کے لئے تحفہ ہے، ہفتہ صحت پروگرام بھی انقلابی اقدام ہے جس سے غریب عوام مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہیں ،اس حوالے سے صحت میلے کا انعقاد بھی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ زچگی پیچیدگیوں کی وجہ سے سینکڑوں خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں اور پانچ سال کی عمر تک پہنچنے والے بچے حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مختلف پروگراموں کے ذریعے ڈینگی کنٹرول، ہیپٹائٹس کی روک تھام اور مختلف طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے صحت کیمپ لگارہی ہے۔