Live Updates

محکمہ زراعت پنجاب کی مون سون بارشوں کے دوران فصلوں کے تحفظ کے لئے حکمت عملی جاری

جمعہ 4 جولائی 2025 14:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے مون سون بارشوں کے دوران فصلوں کے تحفظ کے لئے حکمت عملی جاری کردی ہے۔زراعت آفیسر مرکز کینٹ عمار عبداللہ کے مطابق مون سون کی بارشوں کے دوران کماد، دھان اور چارہ جات کی فصلیں پانی کی زیادتی کو برداشت کر جاتی ہیں لہذا بارش کے زائد پانی کو ان فصلوں میں منتقل کرنے سے مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے ہیں جبکہ کپاس اور سبزیوں کی فصلیں پانی کی زیادتی برداشت نہیں کرتی ہیں اس لئے ان فصلوں سے بارش کے زائد پانی کی نکاسی کا فوری بند و بست کر نا چا ہیے تا کہ یہ بارشوں کے مضر اثرات سے محفوظ رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ میڈیا سے نشر ہونے والے موسمی پیشنگوئی پر نظر رکھیں تا کہ فصلوں کی آبپاشی کے لئے اس کے مطابق اپنا پروگرام ترتیب دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں سال محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق مون سون کے موسم میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے لہذا کاشتکار اس کے مطابق فصلوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کریں۔

اس سلسلے میں کاشتکار فارم میں نکاسی آب کا نظام خاص طور پر بہتر کر یں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے موسم میں جڑی بوٹیوں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ جڑی بوٹیاں نہ صرف غذائی ضرورتوں کے اعتبار سے فصل کے پودوں سے مقابلہ کرتی ہیں بلکہ ضرر رساں کیڑوں کی پناہ گاہ بھی ثابت ہوتی ہیں ۔ اس موسم میں رس چوسنے والے کیڑوں کے حملے کا خطرہ زیادہ ہو جاتا ہے کیونکہ موسم میں نمی اور حبس ان کی افزائش میں معاون ثابت ہوتی ہے اس لئے کاشتکار ان ضررساں کیڑوں کے تحفظ کے لئے محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی عملے سے مشورہ کریں اور بارش بند ہونے کی صورت میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سپرے کریں ۔

کاشتکار فصلوں کی کاشت تر جیحا پٹریوں پر کریں کیونکہ اس سے فصلیں بارشوں کے ہونے والے منظر اثرات سے محفوظ رہتی ہیں ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :