پاکستان بزنس فورم کی ایف پی سی سی آئی کے صدر کو عہدے میں ایک سال کی توسیع ملنے پر مبارکباد

جمعہ 4 جولائی 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) پاکستان بزنس فورم نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے عہدے میں ایک سال کی مزید توسیع ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ پاکستان بزنس فورم کے ترجمان نے جمعہ کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی نے کاروباری برادری کے مسائل کو اجاگر کرنے، صنعتی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کرنے اور حکومتی پالیسی سازی میں تعمیری کردار ادا کرنے میں اہم پیش رفت کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ عاطف اکرام شیخ کی قائدانہ صلاحیتیں، وژن اور کاروباری حلقوں کے ساتھ مضبوط روابط نے ایف پی سی سی آئی کو ایک مؤثر اور متحرک ادارہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی صدارت میں تاجر برادری کو نہ صرف داخلی سطح پر ایک مضبوط آواز ملی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا مثبت اقتصادی تشخص اجاگر ہوا۔ پاکستان بزنس فورم نے اُمید ظاہر کی ہے کہ عاطف اکرام شیخ آئندہ بھی اسی جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرتے رہیں گے اور ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔