حجرہ شاہ مقیم ،تین حادثات تین افرادکی جان لے گئے

دو افراد سڑک پر جبکہ تیسرا ٹرین کی زد میں آ کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا

جمعہ 4 جولائی 2025 14:30

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء) ٹرک، ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرین حادثات نے تین زندگیاں نگل لیں۔تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ پر اڈہ کسان کے قریب دو ٹرکوں میں تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص تنویر احمد ولد نصیر احمد (عمر 36 سال، سکنہ شرقپور) موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا شخص محمد شاہد ولد محمد نواز (عمر 38 سال، سکنہ ملتان) زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

دوسرا حادثہ 40 ڈی کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل اور رکشہ میں تصادم کے بعد پیچھے سے آتی ٹریکٹر ٹرالی موٹر سائیکل سوار پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں شاہد حسین ولد محمد رمضان (عمر 26 سال، سکنہ راجن پور) جاںبحق اور جاوید ولد امین (عمر 37 سال، سکنہ 40 ڈی) زخمی ہو گیا۔تیسرا افسوسناک حادثہ سکندر چوک ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا، جہاں 35 سالہ شخص محمد ساجد ولد محمد یاسین (سکنہ 14 جی ڈی) ٹرین کی زد میں آ کر جاںبحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثات پر پہنچیں،زخمیوں اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔