ریجنل سپورٹس آفس پشاور کے زیر اہتمام ضلع مہمند میں کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد ظ دریزو کی ٹیم فاتح قرار پائی

جمعہ 4 جولائی 2025 22:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)ریجنل سپورٹس آفس پشاور کے زیر اہتمام مقامی ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ضم ضلع مہمند میں ایک شاندار کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے آٹھ بہترین ٹیموں نے حصہ لیا۔ یہ ٹورنامنٹ 26 جون سے یکم جولائی 2025 تک جاری رہا اور کبڈی کے مداحوں کے لیے ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ضلع مہمند کے مرکزی مقام ڈی چوک امبار میں دریزو اور ساروشاہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جسے ہزاروں تماشائیوں نے جوش و خروش کے ساتھ دیکھا۔ سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد دریزو کی ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایس پی امبار تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور فاتح ٹیم کو ٹرافی سے نوازا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع یوتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، صدر پی ٹی آئی امبار، جنرل سیکریٹری اور علاقہ کے معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ہزاروں تماشائیوں کی شرکت نے اس ایونٹ کو ایک میلہ بنا دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند سرگرمی ہے بلکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

اس طرح کے ایونٹس سے مقامی ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ متعلقہ اسپورٹس افسران اور ضلعی انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ بھی اس قسم کے مقابلوں کے انعقاد کا عزم دہرایا۔ضلع مہمند میں منعقدہ یہ کبڈی ٹورنامنٹ نہ صرف کھیلوں کے فروغ کی ایک بہترین مثال تھی بلکہ عوامی شمولیت اور جوش و جذبے نے اسے ایک یادگار ایونٹ بنا دیا۔

متعلقہ عنوان :