ریلوے کنسٹرکشن کمپنی کےسابق افسران کرپشن کیس میں ملوث دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

جمعہ 4 جولائی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد آصف ہنجرا نے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی کارروائی میں گرفتار ریلوے کنسٹرکشن کمپنی (ریل کوپ) کے سابق سی ای او سید نجم سعید ، سابق کنٹرولر فنانس محمد زبیر حسین اور سابق ڈائریکٹر کمرشل مہرالنساء کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔

ملزمان کو ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد آصف ہنجرا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر شمس خان نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں ایف آئی آر نمبر 37/2025 کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ملزمان پر جعلی بینک گارنٹیز تیار کرنے کا الزام ہے جن کے ذریعے 1.16 ارب روپے کی رقم ظاہر کی گئی۔ یہ جعلی گارنٹیز یو بی ایل اور بینک الحبیب کے نام پر بنائی گئیں اور ان کا استعمال ریلوے پراجیکٹس کی ٹینڈرنگ میں کیا گیا جس سے قومی خزانے کو 16 کروڑ 49 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ عدالت میں وکیل صفائی نے ریمانڈ کی مخالفت کی۔عدالت نے 2 روزہ ریمانڈ کی منظوری دی اور کیس کی مزید سماعت کے لئے ایف آئی اے کو ہدایت دی کہ پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے۔