گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ رواداری اور باہمی احترام کی روشن مثالیں قائم کی ہیں، ڈپٹی اسپیکر جی بی اسمبلی

ہفتہ 5 جولائی 2025 16:44

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کی روشن مثالیں قائم کی ہیں۔ ہم اس بات پر مکمل یقین رکھتے ہیں کہ مذہبی و مسلکی ہم آہنگی ہی ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔

ہم سب کا فرض ہے کہ ہم ایک دوسرے کے عقائد، نظریات اور مقدسات کا احترام کریں اور ایسی تمام سوچوں، باتوں اور اعمال سے گریز کریں جو کسی بھی فرد یا گروہ کے جذبات کو مجروح کر سکتی ہوں۔ اختلافِ رائے ہر معاشرے کا حسن ہوتا ہے، مگر اس اختلاف کو نفرت، تعصب یا تصادم میں بدلنے کی ہر کوشش کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ہم تمام علماء کرام، مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی، نوجوانوں اور میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آگاہی اور مثبت پیغام رسانی کے ذریعے معاشرے میں امن، اتحاد اور رواداری کو فروغ دیں۔

کسی بھی قسم کے فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دینا نہ صرف معاشرتی امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ یہ ہمارے خطے کی ترقی اور مستقبل پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ریاستی اداروں، قانون نافذ کرنے والے محکموں اور عوام کے باہمی تعاون سے ہم گلگت بلتستان کو ایک پرامن، محفوظ اور مثالی خطہ بنا سکتے ہیں۔مذہبی و مسلکی ہم آہنگی ہی گلگت بلتستان کی اصل شناخت ہے۔

ہم سب کا فرض ہے کہ ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں، نفرت کی نہیں محبت کی زبان بولیں گلگت بلتستان میں ہمیشہ سے مختلف مکاتب فکر اور مذاہب کے افراد نے بھائی چارے اور باہمی احترام کے ساتھ رہنے کی روشن مثالیں قائم کی ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اس ورثے کی حفاظت کریں اور ہر اس سوچ، رویے اور عمل کی حوصلہ شکنی کریں جو معاشرتی انتشار یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔\378