فلسفہ شہادت حسینؓ کلمہ حق کیلئے کسی چیز کی پرواہ نہ کرنے کا درس دیتی ہے، سلطان محمود چودھری

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یوم عاشورہ پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہاہے کہ فلسفہ شہادت حسینؓ اس بات کا درس دیتی ہے کہ مسلمان کلمہ حق کیلئے کسی چیز کی پرواہ نہ کریں اگر انہیں جان بھی قربان کرنا پڑھ جائے تو اس سے دریغ نہ کریں امام عالیٰ مقام نے کربلا میں حق وسچائی پر ہر حال میں کاربند رہنے،ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے،برداشت تحمل،حریت واخلاص کا درس دیا اور عملی مظاہرہ کیا۔

شہدائے کربلا کی قربانی رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے،شہدائے کربلا نے حریت وخلوص کا جو پیغام دیا ہے یہ دنیا بھر کے مظلوم ومحکوم انسانوں کے لئے ذریعہ ہدایت ہے۔ واقعہ کربلا تاریخ اسلام کا ناقابل فراموش واقعہ ہے جب حضرت امام حسین ؓ اور اٴْن کے جانثاران نے دین مصطفی کی سربلندی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور قربانیوں کی ایسی تاریخ رقم کی جس کی تاریخ انسانی میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

آج اس مقدس موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی قومی زندگی میں اخوت، ہم آہنگی اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں نظم و ضبط اور یکجہتی پیدا کریں گے اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کی پاکیزہ مثال کو اپنے سامنے رکھیں تو مجھے پورا یقین ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔