۴ اٹک کے نواحی گاؤں شین باغ سے 9 محرم الحرام کا جلوس علم و ذوالجناح ہفتہ کی صبح سخت سیکیورٹی میں برآمد ہوا

ہفتہ 5 جولائی 2025 19:45

؂ اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) اٹک کے نواحی گاؤں شین باغ سے 9 محرم الحرام کا جلوس علم و ذوالجناح ہفتہ کی صبح سخت سیکیورٹی میں برآمد ہوا، جو مختلف رہائش گاہوں بشمول عدالت شاہ اور مولانا عمران بخاری سے نکالا گیا، جلوس میں بڑی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی، جو نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کرتے رہے،جلوس کے راستوں پر پانی، دودھ اور نیاز کی سبیلیں ملک حمید اکبر، ملک شہزاد اکبر اور مقامی افراد کی جانب سے لگائی گئیں، ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) اور ریسکیو 1122 کی خصوصی موبائل میڈیکل ٹیم نے عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کی، جلوس اپنی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ شین باغ پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا، جہاں بعد ازاں مجلس عزا منعقد ہوئی، مجلس سے خطاب کرتے ہوئے معروف ذاکرین نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانیوں اور یزیدیت کے مظالم کو اجاگر کیا، ذاکرین نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ ایک عظیم نظریے اور طرز زندگی کی علامت ہیں، جنہوں نے حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچ دی، کربلا ایک ایسا واقعہ ہے جو انسانیت کو ہمیشہ سچائی، استقامت اور حق پر قائم رہنے کا پیغام دیتا ہے، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اٹک انزہ عباسی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث گل، ڈسٹرکٹ سیکورٹی آفیسر طاہر اقبال،ایس ڈی پی او صدر سرکل ملک افتخار، ایس ایچ او سٹی مجاہد عباس، ایس ایچ او صدر طاہر بشیر،تحصیل میونسپل آفیسر سردار آفتاب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موجود رہے۔