Live Updates

محرم الحرام جلوسوں کے دوران پانی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے واسا ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا،سیکرٹری ہائوسنگ

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران نکاسی آب و پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تمام واسا ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ اس حوالے سے سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل نے اہم احکامات جاری کیے ہیں جن کے مطابق 10 محرم الحرام کو تمام واسا ایجنسیاں جلوس کے روٹس پر اضافی عملہ اور مشینری تعینات کریں گی تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا پریشانی سے بچا جا سکے۔

سیکرٹری ہائوسنگ نے ہدایت کی ہے کہ واٹر سپلائی کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے، تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلز چوبیس گھنٹے کام کرتے رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مون سون ریلیف کیمپوں میں بھی عملے کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

یومِ عاشور کے موقع پر بارش کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیف آپریشن کے لیے پہلے سے ہی خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متحرک ہو سکیں گی۔

سیکرٹری ہائوسنگ نے کہا کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور متعلقہ اداروں سے مکمل رابطے میں رہ کر سروس ڈیلیوری عمل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات وزیر اعلی پنجاب کے اس ویژن کا حصہ ہیں جس کے تحت عوامی ریلیف اور سہولت کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا رہا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات