شنکیاری میں سبیل گرانے کی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو درحقیقت غلط اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی ہے، مانسہرہ پولیس

اتوار 6 جولائی 2025 18:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) مانسہرہ پولیس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پولیس نے 10 محرم کے روز شنکیاری میں سبیل کو گرایا ہے درحقیقت غلط اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی ہے۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ مذکورہ سبیل شاہراہ عام پر نصب کی گئی تھی، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں شدید خلل آ رہا تھا۔

(جاری ہے)

اسی کے پیش نظر پولیس نے صرف گزارش کی کہ سبیل کو چند قدم پیچھے منتقل کر دیا جائے تاکہ عام شہریوں کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔ تاہم موقع پر موجود افراد نے پولیس کی اس گزارش کو غلط انداز میں لیا اور خود ہی اپنے برتن گرا کر سبیل کو اکھاڑ دیا، بعد ازاں ویڈیو کو گمراہ کن کیپشنز کے ساتھ سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا۔ واضح رہے کہ ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار پُرامن انداز میں موجود ہیں اور کسی قسم کی بدسلوکی یا زبردستی کا کوئی عنصر شامل نہیں۔ مانسہرہ پولیس تمام مکاتبِ فکر، مسالک اور فرقوں کے جذبات کا مکمل احترام کرتی ہے اور ہر شہری کی عزت، سلامتی اور مذہبی آزادی کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔