’’ڈان 3‘‘ میں کیارا کی واپسی، پریانکا کے سرپرائز کا انکشاف

امکان ہے کہ فلم کا مرکزی کردار اب کیارا ہی نبھائیں گی،فلم آئندہ برس ریلیز ہونے کا امکان

پیر 7 جولائی 2025 14:59

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)ڈان 3 بالی وڈ کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں سے ایک ہے، جسے کئی وجوہات کی بنا پر کئی عرصے سے تاخیر کا سامنا ہے۔اب فلم کے حوالے سے ایک نئی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے تمام معاملات طے پاچکے ہیں اور فلم ساز فرحان اختر اب جنوری 2026 تک اس ایکشن تھرلر فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

جب کہ یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ کیارا اڈوانی اپنے حمل کی وجہ سے اب اس فلم کا حصہ نہیں رہیں گی پر اب ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے فلم میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بالی وڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ ہاں اس میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اب اس کے لیے کچھ کیا نہیں جاسکتا، فرنچائز میں شاہ رخ خان کی جگہ لینے والے رنویر سنگھ کو کنگ خان کی جگہ لینے کی 'جرات' پر آن لائن ٹرولنگ کی لہر کا سامنا کرنا پڑا، رنویر کو اس کردار کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر تیار کرنے کے لیے بھی وقت درکار تھا، جس کے لیے مارشل آرٹس کی سخت تربیت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید کہا کہ 'اس کے بعد پریانکا چوپڑا کی جگہ بطور خاتون مرکزی کردار کے لیے سائن کی گئی کیارا ایڈوانی حاملہ ہوگئیں، اس کے ساتھ فرحان بھی اپنی ایک فلم '120 بہادر' میں اداکاری کے سلسلے میں سخت مصروف ہوگئے جس میں وہ میجر شیطان سنگھ کا کردار نبھا رہے ہیں جو کہ 21 نومبر 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ 'اب میکرز جنوری میں شوٹنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور فلم کو دسمبر 2026 تک ریلیز کرنے کا ہدف ہے لیکن اس سے بھی بڑی خبر یہ ہے کہ میکرز ایک بڑے سرپرائز کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ پریانکا چوپڑا ڈان فرنچائز میں واپس آ سکتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ’’دل دھڑکنے دو‘‘ کے بعد رنویر اور وکرانت میسی طویل عرصے بعد ڈان 3 میں اکٹھا نظر آئیں گے، دونوں نے 2013 میں وکرم آدتیہ موٹوانے کی لٹیرا میں بھی اسکرین اسپیس شیئر کی تھی۔

متعلقہ عنوان :