لاہور میں چینی کی قیمت 200 روپے کلو تک جا پہنچی

شوگر ملز مالکان کی یقین دہانیوں کے باوجود چینی کی قیمت تاحال ایکسپورٹ سے پہلے والی سطح پر واپس نہ آسکی

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 جولائی 2025 15:38

لاہور میں چینی کی قیمت 200 روپے کلو تک جا پہنچی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چینی کی قیمت 200 روپے کلو تک جا پہنچی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور شہر میں چینی 190 سے 200 روپے تک فروخت ہورہی ہے اور شوگر ملز مالکان کی یقین دہانیوں کے باوجود چینی کی قیمت تاحال ایکسپورٹ سے پہلے والی سطح پر واپس نہیں آسکی، ایکسپورٹ کی اجازت لینے کے لیے شوگرملز مالکان نے دعوے کیے تھے کہ چینی ایکسپورٹ کی اجازت دیں تو اس سے مقامی مارکیٹ میں قیمت متاثر نہیں ہوگی، تاہم اب یہ تمام تر دعوے غلط ثابت ہوچکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ایکسپورٹ کی اجازت سے قبل ملک میں چینی کی قیمت 140 سے 145 روپے فی کلوگرام تھی لیکن گزشتہ تین ماہ سے شہریوں کو چینی 190 روپے پر فروخت ہورہی ہے، اوپن مارکیٹ میں پیکنگ والی چینی 200 روپے فی کلوگرام تک بیچی جارہی ہے اور یوٹیلیٹی سٹورز پر تو ہمیشہ کی طرح چینی دستیاب ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حکومت کی جانب سے اب چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم چینی حکومت خود امپورٹ کرے گی، اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں چینی کی درآمد سے متعلق فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی ہوا کہ چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، چینی مہنگی بیچنے والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا، اس ضمن میں ذرائع وزارت غذائی تحفظ نے کہا کہ قیمتوں میں توازن اور عوامی سہولت کے لیے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، گزشتہ سیزن میں چینی وافر ذخائر موجود ہونے پربرآمد کی گئی، یہ تاثر غلط ہے کہ ملک میں عوامی ضروریات کے مطابق چینی کی وافر مقدار موجود نہیں بلکہ صرف قیمتوں میں توازن برقرار رکھنےکے لیے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

                 

متعلقہ عنوان :