انسانی اقدار کے تحفظ کیلئے حسین کی سیرت پر عمل پیرا ہونیکی ضرورت ہے‘طاہر رضابخاری

داتا دربار میں سیکرٹری اوقاف کی زیر صدارت’’حضرت سیدنا امام حسین کانفرنس‘‘کا انعقاد

پیر 7 جولائی 2025 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے داتا دربار میں منعقدہحضرت سیدنا امام حسین کانفرنسسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام میں امن وامان کے استحکام کے لیے حکومت کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔انسانیت کو درپیش چیلنجز کا حل اسوہ حسینی میں ہے، انسانی اقدار کے تحفظ کے لیے امامِ عالی مقام کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

حضرتِ امام حسین صبر و رضا، حلم و حیااور جود و سخاکا عظیم نمونہ تھے۔ آپ نے حریتِ فکر وعمل کے در وا کیے اوردنیا کو شجاعت وبہادری کو نئے عنوان عطا کیے۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ کربلا میں خاندان رسالت نے اپنی جانیں قربان کرکے دین مصطفی ﷺ کی حفاظت کا ایسا حق ادا کیا کہ آج تک اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

مذاہب عالم کی تاریخ میں بہت کم ایسا ہوا کہ کسی پیغمبر کی اولاد نے اتنے بڑے پیمانے پر اپنی جانوں کی قربانی پیش کی ہو۔

خاندان رسالت کی قربانی کا واحد مقصد ہی یہی تھا کہ سرکار دو عالم ﷺ نے جو اصول متعین فرمائے ان کے خلاف ورزی نہ ہو۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خطیب داتا دربا رمفتی محمد رمضان سیالوی و دیگر شرکا نے کہا کہ تاریخ حق و باطل میں خیرو شر کے لاکھوں معرکے برپا ہوئے۔ ہزاروں شہادتیں ہوئیں بالخصوص اسلام کا اولین دور لا تعداد عظیم شہادتوں سے لبریز ہے۔

تاہم یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ آج تک کسی اور شہادت کو اس قدر شہرت، قبولیت اور ہمہ گیر تذکرہ نصیب نہیں ہوسکا،جتنا حضرت امام حسین کی شہات کو ہوا ہے۔ چودہ سو سال گز ر جانے کے باوجود بھی شہادت امام حسین کا ذکر زندہ و تابندہ ہے۔ اس کی شہرت اور تذکروں میں آج تک کمی نہیں ہوئی۔ یہ پھیلتا ہی جارہا ہے۔ یہاں تک کہ حسینیت ہر طبقہ میں حق اور یزیدیت ہر طبقہ میں فتنہ و فساد کی علامت بن گئی ہے۔اس موقع پرایڈ منسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل احمد، منیجر اوقاف داتا دربار طاہر مقصود، مذن داتا دربار قاری محمد عمراور قاری محمد رفیق نقشبندی سمیت علمی و دینی شخصیات اور زائرین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔