لاڑکانہ پولیس نے انسانی اسمگلنگ اور بچوں کے اغوا میں ملوث خاتوں سمیت دوملزمان کو گرفتار کر لیا

پیر 7 جولائی 2025 20:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) لاڑکانہ پولیس نے شیخ زید ویمن ہسپتال سے اغوا شدہ نومولود بچی کو کراچی سے بازیاب کرواکر خاتوں سمیت دوملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری نے بتایا کہ چند روز قبل تھانہ سچل کی حدود شیخ زیدویمن ہاسپٹل میں مسماۃ صدوری واہوچو نے بیٹی کو جنم دیا جس کو ایک نامعلوم خاتون پولیو کے قطرے پلانے کے بہانے لے گئی اور بچی کو اغوا کرلیا۔

اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ ڈی ایس پی صدر و سول لائنز سعد جبار کی زیر نگرانی نومولود بچی کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں سینئر و تجربہ کار ایس ایچ اوز سمیت جدیدتکنیکی سٹاف کو بھی شامل کیا۔ بروقت سی سی ٹی وی شواہد اکٹھے کئے گئے، جن کی مدد سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث اور بچوں کے اغوا کاروں والی گینگ کو ٹریس آؤٹ کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

لاڑکانہ پولیس نےتکنیکی بنیاد پر ملنے والے شواہد، محکمانہ مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اغوا شدہ نومولود بچی کو کراچی کی بلاول کالونی والے علاقے سے باحفاظت بازیاب کروا کر اغوا میں ملوث خاتون ملزمہ درناز چانڈیو اور ملزم عبد الحمید میمن کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ سچل میں برآمد شدہ بچی کے والد اختیار واہوچو کی مدعیت میں درج کیس کی تفتیش سمیت ملزمان کے سہولتکاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔