کالے شیشے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی ہوگی، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ

پیر 7 جولائی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ ڈاکٹر سمیع ملک نے کہا ہے کہ شہر میں کالے شیشے والی گاڑیوں، غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ٹریفک پولیس کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تمام سرکل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور دیگر نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں ڈبل اور غیر قانونی پارکنگ سے گریز کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر اور محفوظ بنایا جا سکے۔ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع ملک نے ہدایت کی کہ برما ہوٹل کوئلہ پھاٹک پر ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیمیں مختلف شاہراہوں پر کارروائیاں کر رہی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اس حوالے سے کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔مہذب شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہیں۔