سارہ خان لوکل ٹرین میں سفر کرتے ہوئے پکڑی گئیں

والدہ امریتا سنگھ کو پتہ چلا تو وہ بہت ناراض ہوئیں، سارہ علی خان

منگل 8 جولائی 2025 10:35

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)اداکارہ سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ ایک دفعہ انہوں نے اپنی والدہ امریتا سنگھ سے جھوٹ بول کر لوکل ٹرین میں سفر کیا تھا لیکن جھوٹ پکڑنے پر والدہ بہت ناراض ہوئی تھیں۔ایک انٹرویو میں سارہ نے یاد کیا کہ وہ ممبئی میں لوکل ٹرین سے سفر کر رہی تھیں اور اس بارے میں اپنی والدہ سے جھوٹ بول دیا تھا۔

بعد میں جب امریتا کو یہ بات معلوم ہوئی تو وہ ناراض ہو گئیں خاص طور پر اس لیے کہ انہی دنوں لوکل ٹرین کا ایک حادثہ بھی ہوا تھا۔انٹرویو میں سارہ نے بتایا کہ والدہ کو یہ بات ایک صحافی کی کال کے ذریعے معلوم ہوئی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کبھی لوکل ٹرین میں سفر کر چکی ہیں، تو سارہ نے جواب دیا کہ ہاں میں نے سفر کیا ہے لیکن میں نے اپنی ماں سے اس بارے میں جھوٹ بولا تھا، یہ کئی سال پرانی بات ہے، وہ نہیں جانتی تھیں کہ میں لوکل ٹرین میں ہوں، تو میں نے کہا کہ میں پڑوسی کے گھر ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک صحافی نے والدہ کو فون کیا اور کہا کہ میں آپ کی بیٹی پر فخر کرتا ہوں، میرے پاس اس کی لوکل ٹرین میں تصویر ہے، کیا میں اسے چھاپ سکتا ہوں سارہ نے مزید کہا کہ امی کو بہت افسوس ہوا کیونکہ میں چھوٹی تھی اور انہی دنوں لوکل ٹرین میں ایک حادثہ ہوا تھا، انہوں نے مجھے سمجھایا کہ احتیاط برتنا چاہییاور خاص طور پر اپنی لوکیشن کے بارے میں جھوٹ نہیں بولنا چاہیے، تو یہ تجربہ اچھا نہیں تھا۔

ایک اور انٹرویو میں سارہ نے سوشل میڈیا پر ملنے والی منفی باتوں کے بارے میں بھی بات کی۔انہوں نے بتایا کہ ان باتوں سے انہیں اس وقت سب سے زیادہ تکلیف ہوتی ہے جب ان کی ماں متاثر ہوتی ہیں۔سارہ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ کسی گمنام، مایوس انسان کی بات ہے لیکن ماں تو ماں ہوتی ہے، صرف یہی چیز ہے جو واقعی مجھے چبھتی ہے،اگر میں ان کا سوشل میڈیا بلاک کر سکتی تو مجھے بالکل پرواہ نہ ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امی یہ سب پڑھتی ہیں اور ظاہر کرتی ہیں جیسے کچھ نہیں ہوا، یہ ایسا ہے جیسے کمرے میں ایک ہاتھی موجود ہو، مگر کوئی ذکر نہ کرے لیکن میں ان کے چہرے سے جان لیتی ہوں کہ انہوں نے کچھ دکھ والی بات پڑھی ہے، وہ کچھ کہتی نہیں، مگر مجھے اچھا نہیں لگتا۔کام کے محاذ پر سارہ علی خان کی نئی فلم میٹروان دنوں میں دیکھا گیا جو 4جولائی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔فلم کی ہدایتکاری انوراگ باسو نے کی ہے اور فلم میں سارہ کے ساتھ انوپم کھیر، نینا گپتا، کونکونا سین شرما، پنگج ترپاٹھی، آدتیہ رائے کپور، علی فضل، فاطمہ ثنا شیخ، سسوتا چیٹرجی، درشنا بینک، کوش جوٹوانی اور روہن گربکسانی بھی شامل ہیں۔