وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کادورہ آذربائیجان، وزیرِ اعظم ، وزیر انصاف اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقاتیں

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:01

وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کادورہ آذربائیجان، وزیرِ ..
باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آذربائیجان کے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس دورے کو پاکستان کی قانونی سفارت کاری اور ادارہ جاتی اصلاحات کی کوششوں میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آذربائیجان کے وزیرِ اعظم علی ہیدیات اوغلو اسدوف سے ملاقات کی، جبکہ وزیرِ انصاف فرید طوراب اوغلو احمدوف اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انعام اعتماد اوغلو کریموف سے بھی تفصیلی مشاورتی نشستیں ہوئیں۔

ان ملاقاتوں میں قانونی اصلاحات، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، اور متبادل حلِ تنازعات کے فروغ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دورے کا سب سے نمایاں پہلو دونوں ممالک کی وزارتِ قانون و انصاف کے مابین تعاون کے ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط تھا۔اس معاہدے کے تحت قانونی شعبے میں مشترکہ کوششیں کی جائیں گی، ادارہ جاتی صلاحیت سازی پر کام ہوگا اور تجربات اور بہترین عملی نمونوں کا تبادلہ ہوگا۔

فریقین نے قانون و انصاف کے شعبے میں باہمی روابط کو مزید مضبوط اور دیرپا بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے ۔ وزیرِ قانون کا یہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم ثابت ہوا بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی قانونی شراکتوں کو وسعت دینے اور ملکی قانونی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی حکمت عملی کا حصہ بھی ہے۔