وفاقی کابینہ کا قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ ،جلد عملدرآمد ہوگا،ترجمان وزارت غذائی تحفظ

منگل 8 جولائی 2025 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) وفاقی کابینہ نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ،جلد عملدرآمد ہوگا۔ترجمان وزارتِ غذائی تحفظ و تحقیق کے مطابق چینی کی درآمد کا تمام عمل حکومتی شعبے کے ذریعے انجام دیا جائے گا اور اس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

درآمدی عمل پر فوری عمل درآمد کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی یقینی اور قیمتوں میں اضافہ روکا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ چینی کی درآمد کا موجودہ طریقہ کار ماضی کی حکومتوں کے طریقہ کار سے مختلف اور زیادہ شفاف اور مؤثر حکمت عملی پر مبنی ہے، ماضی میں اکثر مصنوعی قلت پیدا کر کے قومی خزانے پر بوجھ ڈالا گیا اور غیر ضروری سبسڈی پر انحصار کیا جاتا رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وضاحت کی کہ موجودہ حکومت نے اس وقت چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب ملک میں چینی کی وافر مقدار دستیاب تھی، اب جبکہ قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے تو حکومت وقت پر درآمدی اقدام اٹھا کر مارکیٹ میں استحکام لانے کے لیے پُرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو مؤثر پالیسی اقدامات کے ذریعے کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔\932

متعلقہ عنوان :