پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز بلندی، وزیراعظم کا اظہارِ مسرت

پیر 14 جولائی 2025 22:04

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز بلندی، وزیراعظم کا اظہارِ مسرت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے ایک لاکھ پینتیس ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر کے ملکی معیشت میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ اس اہم معاشی کامیابی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گہرے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت پاکستانی معیشت پر کاروباری برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ریکارڈ سطح عبور کرنا حکومتی پالیسیوں کی درست سمت اور اقتصادی حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ملک نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب ہم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ وزیراعظم نے کاروباری طبقے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری نے ملک کی معیشت پر جو اعتماد کیا ہے، حکومت اس اعتماد کو مزید مضبوط کرے گی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنا ہے۔ شہباز شریف نے حالیہ مثبت معاشی اعشاریوں کو حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ حکومت پاکستان عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔